عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //ضلع راجوری کے کالاکوٹ قصبے کے قریب ہفتہ کی شام ایک افسوسناک سڑک حادثے میں دس طلبہ اور ایک اسکول اسٹاف ممبر زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک اسکول بس اور ٹیمپو ٹریولر کے درمیان زور دار ٹکر ہو گئی۔ حادثے کے بعد علاقے میں کچھ دیر کے لئے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق اسکول بس طلبہ کو لے کر جا رہی تھی کہ کالاکوٹ کے نزدیک سڑک پر سامنے سے آنے والے ٹیمپو ٹریولر کے ساتھ اس کی ٹکر ہو گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ بس میں سوار کئی طلبہ زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ، پولیس اہلکار اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو باہر نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔تمام زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا علاج شروع کیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
زخمیوں کی شناخت رضوان ولد محمد امین ساکن دیالہ، اقراء چودھری دختر محمد امین ساکن دیالہ، سیف رون صابری ولد محمد امین ساکن دیالہ، ساکشی دختر سونیت سنگھ ساکن بھٹیرا، مانوی گجّا دختر جسبیر سنگھ ساکن پنجناڑہ، وانی راجپوت دختر رنجیت سنگھ ساکن سیلسوئی، یوویکا دختر ترسیم ساکن دیالہ، ایشا دیوی دختر رتن سنگھ ساکن جگنی، ہرمن سنگھ ولد کمل سنگھ ساکن کوتھیاں، یوراج سنگھ ولد جسبیر سنگھ ساکن پنجناڑہ اور اسکول اسٹاف ممبر سریتا زوجہ شمشیر سنگھ ساکن جگنی کے طور پر ہوئی ہے۔حادثے کے بعد پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔مقامی لوگوں نے حادثے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکولی گاڑیوں کی حفاظت اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔