منجاکوٹ //حد متارکہ کے قریب واقع کھوڑی ناڑ اور پنجگرائیں علاقوں کی عوام نے مقامی سطح پر ڈسپنسری قائم کرنے اور ایمبولینس سہولت فراہم کرنے کی مانگ کی ہے ۔مقامی لوگوںنے اس سلسلے میں احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ ہندوپاک کشیدگی کے دوران پاکستان کی طرف سے داغے جانے والے گولے اور مارٹر شیل ان کے گھروں کے قریب گرتے ہیں اور حال ہی میں دو مکانات کو نقصان بھی پہنچا۔ انہوںنے کہاکہ اس سے یہاں جانی و مالی نقصان ہورہاہے ۔ لوگوں کاکہناہے کہ کھوڑی ناڑ کا علاقہ سرحد کے ساتھ لگتا ہے اور کئی بارگولہ باری میں لوگوں کا نقصان ہوچکاہے مگر بد قسمتی سے یہاں کوئی طبی سنٹر نہیں کھولاگیااورنہ ہی ضرورت کے وقت ایمبولینس ملتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ان کی روز مرہ مشکلات اور کشیدگی کے دوران پیش آنے والے حالات کو دیکھتے ہوئے ایک طبی مرکز قائم کیاجائے اور ساتھ ہی ایمبولینس گاڑی کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ ضرورت کے وقت اس کا استعمال کیاجاسکے ۔انہوںنے بینکروں کی تعمیر کامطالبہ بھی کیا ۔