محمد تسکین
بانہال // حلقہ انتخاب بانہال میں سیاسی طور پر ایک بڑی اور ڈرامائی پیش رفت سامنے آئی ہے جس میں کانگریس کے سینئر لیڈر اور ضلع رام بن سے ڈی ڈی سی کونسلر برائے نیل، رامسو اے ، بشیر احمد نائیک نے کانگریس پارٹی کو خیرباد کہہ کر بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ وہ کانگریس لیڈر اور سابقہ ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول کے قریبی کارکن بتائے جاتے ہیں۔ بشیر احمد نائیک نے جموں میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور صدر ست شرما، ضلع صدر رام بن نیلم لنگے اور دیگر پارٹی رہنماؤں کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی اور پارٹی لیڈروں نے ان کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے بشیر احمد نائیک کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پارٹی کو بانہال میں مزید مضبوطی ملے گی۔بشیر احمد نائیک گزشتہ بیس سے پچیس برسوں سے سرگرم سیاست سے وابستہ ہیں اور اپنے سیاسی سفر کے دوران وہ جنتا دل، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) اور بعد ازاں کانگریس پارٹی سے تاحال تک منسلک رہے۔ انہوں نے ماضی میں مختلف انتخابات میں حصہ لیا ہے اور حالیہ ڈی ڈی سی انتخابات میں کئی مقامی سیاسی رہنماؤں کو شکست دے کر بشیر نائیک نے شاندار کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد وہ نیشنل کانفرنس کی قیادت والی کونسل میں کانگریس کی جانب سے ایک مضبوط اپوزیشن لیڈر کے طور پر کام کرتے رہے۔کانگریس میں قیام کے دوران بشیر احمد نائیک کا شمار بھارتیہ جنتا پارٹی، نیشنل کانفرنس اور دیگر سیاسی جماعتوں کے سخت ناقدین میں ہوتا تھا اور وہ ماضی میں بی جے پی اور دیگر سیاسی حریف جماعتوں و رہنماؤں پر کھل کر اور جم کر تنقید کرتے رہے ہیں، جس کے باعث ان کی بی جے پی میں شمولیت کو ایک غیر متوقع اور چونکا دینے والا سیاسی موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔