پونچھ//ضلع ترقیاتی کونسل پونچھ کے وائس چیئرمین اشفاق چوہدری نے ڈی سی آفس پونچھ کے کانفرنس ہال میں جاری ترقیاتی کاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ منعقد کی جس میں اضافی ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ عبدالستار ،اضافی ترقیاتی کمیشنر پونچھ ڈاکٹر بشارت حسین کے علاوہ ضلع ترقیاتی کونسل کے ممبران ، بلاک ترقیاتی کونسل کے ممبرا ن ، ایگزیکٹو انجینئرز اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔اس دوران سب ڈویڑن مینڈھر کے ترقیاتی منظر نامے کے مختلف پہلوؤں بشمول منکوٹ اسٹیڈیم کی تعمیر ، ٹرانسفارمر ورکشاپ کا افتتاح ، منکوٹ سڑکوں کی تکمیل ، بھاٹہ دوڑیاں سے سنجوٹ تک بالاکوٹ سڑک کی تکمیل ، گالا سے لوہارکا سڑک بلیک ٹاپنگ اور مختلف ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی ڈی سی ممبر منکوٹ عمران ظفر نے مختلف مطالبات اٹھائے جن میں منکوٹ میں اسٹیڈیم کی تعمیر ، مینڈھر میں ٹرانسفارمر ریپیرنگ ورکشاپ کا افتتاح کرنا تاکہ عوام کو کسی مشکل کا سامنا نہ ہو اور زیر التوا منکوٹ سڑکوں کی جلد تکمیل شامل تھے۔بی ڈی سی بالاکوٹ ، شمیم اختر نے بھاٹہ دوڑیاں سے سنجیوٹ تک سڑکوں کی تکمیل ، سنجیوٹ گالا سے لوہارکا سڑک کی بلیک ٹاپنگ اور دیگر مطالبات اٹھائے ۔چیئرمین نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ جاری ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کریں۔اضافی ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ عبدالستار نے افسران پر زور دیا کہ وہ تحصیل افسران اور کونسلرز کے درمیان تال میل کی مناسب دیکھ بھال کریں تاکہ ترقیاتی کاموں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے حوالے سے بہتر نتائج سامنے آئیں۔اس موقع پر وائس چیئرپرسن ڈی ڈی سی نے ضلع کی مجموعی ترقی کے لیے فنڈز کے صحیح استعمال پر زور دیا۔