پونچھ// ضلع ترقیاتی کونسل ممبر ننگالی صاحب سائیں بابا نازیہ غنی نے اپنے بلاک کی مختلف پنچایتوں میں قائم کئے گئے کوڈکئیر مراکز کا دورہ کر کے ان مراکز میں فراہم کی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس دوران انہوں نے وہاں موجود محکمہ دیہی ترقیات کے ملازمین ، طبی عملوں ، اور دیگر زمہ داران کو ان سنٹروں میں ہر طرح کی سہولت فراہم رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ کے اس مشکل وقت میں ہم سب کو ہر طرح سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے محکمہ صحت کے موجود عملہ کوہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ میں مبتلا مریضوں کو معیاری بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اس کا ہر سنٹر میں وقت رہتے انتظام کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ہر طرح کا تعاون کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔انہوں نے مقامی لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام ایس او پیز پر سختی کیساتھ عمل کیا جائے۔انھوں نے اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ سے بھی اپیل کی کہ بلاک میں کووڈ کئیر سنٹر کو معیاری بنایا جائے۔ اس موقعہ پر محکمہ دیہی ترقیات کے قاسم علی باگن اور محمد افضل خان نے نازیہ غنی کو مفصل جانکاری فراہم کی۔