کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانانے محکمہ صحت عامہ کے یومیہ اجرتوں پر کام کرنے والے ملازمین کے ساتھ ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں ڈیلی ویجروں اور کنسالڈیٹڈ ورکروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ ڈیلی ویجر ملازمین محکمہ صحت عامہ کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یومیہ اجرتوں پر کام کرنے والے ورکر ضلع بھر میں زمینی سطح پر کام کر رہے ہیں۔اور لوگوں کو پینے کا پانی دستیاب رکھنے کے لئے ہر گھر میں خدمات مہیا کرنا لازمی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ کو لگاتار کشتواڑ میں پینے کے پانی کی قلت کی شکایتیں موصول ہوتی ہیںاور پائپوں اور واٹر ٹینکروں سے پانی سپلائی کرنے میں بھی کنبہ پروری کی شکایتیں موصول ہو رہی ہیں،جسے کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے ملازمین کو صلاح دی کہ وہ قصبہ میں پانی کی سپلائی یقینی بنانے کے لئے سیاسی وابستگیوں سے دور رہیں ۔محکمہ کے اعلیٰ حُکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ کو چاہیے کہ وہ بین محکمانہ تعاون میں اضافہ کرے اور اکٹھا ہو کر کام کریں تاکہ کسی کو کوئی مشکل نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت عامہ اور تعمیرات عامہ کے ملازمین کی حاضری یقینی بنانے کے لئے باقاعدگی سے اچانک معائینہ کیا جائے گا اور غیر حاضر ملازمین کے خلاف سنگین کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے ملازمین کو پانی کی سپلائی یقینی بنانے کے لئے تمام ممکن اقدام کرنے کی ہدایت دی۔دریں اثنا ملازمین نے آلہ جات کی عدم دستیابی اور بقایا اجرت واگُذار کرنے میں تاخیر پر کافی تشویش کا اظہار کیا۔ڈی سی نے ملازمین کو سُننے کے بعد متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ڈیلی وئیجروں کو جوتے اور دیگر ضروری آلہ جات فراہم کریں اور انہیں یقین دلایا اُجرتوں کی واگُذاری کا معاملہ وہ متعلقہ حُکام کے ساتھ اُٹھائیں گے۔کانفرنس میں سی پی او، پی او آئی ڈبلیو ایم پی، ایگزیکٹو انجینئر (پی ایچ ای) اسسٹنٹ انجینئرو جونئر انجینئر بھی موجود تھے۔