پونچھ//کوڈ19 کے معاملات میں اضافے کے پیش نظر اور کوڈ19 تخفیف اقدامات کو مزید مستحکم کرنے کے مقصد سے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے تحصیل اور ضلع افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ منعقد کی۔اس دوران انہوں نے ضلع میں کوڈ 19کی دوسری لہر کے چلتے مہلوک وائرس کے بڑھتے ہوئے واقعات کے مجموعی منظر نامے کا جائزہ لیا۔انہوں نے افسران کے ذریعہ پچھلی اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ ضلع انتظامیہ کے ذریعہ کی جانے والی تخفیف کی کوششوں میں مزید جوش اور لگن کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ گھر سے الگ تھلگ رہنے والے مثبت افراد پر کڑی نگرانی کریں تاکہ ان سے وائرس کا مزید پھیلاؤ نہ ہو۔انہوں نے الگ تھلگ رہنے والے افراد کو ضروری سازوسامان فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع میں حفاظتی ٹیکوں کی مہم کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے پولیس ، ریونیو اور صحت کے محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں داخل ہونے والے تمام مقامات پر سختی سے نگرانی کریں اور 100 فیصد جانچ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے سی ای او میونسپل کونسل پونچھ، ای او میونسپلٹی سرنکوٹ ، بی ڈی او مینڈھر کو مذہبی مقامات ، بازاروں اور عوامی مقامات پر فوری جراثیم کشم ادویات کے چھڑکائو کرنے کی ہدایات دیں۔ وائرس کے پھیلاؤ پر قابو کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام کیمسٹ شاپس اور نجی کلینکوں میں کوڈ پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے فوکس گروپس خصوصا دکانداروں اور بینکروں، فرنٹ لائن واریروں ،پولیس ، صحت ، آر ڈی ڈی ، محصول اور دیگر محکمہ جات کے کارکنوں کی 1سو فیصداسکریننگ / جانچ کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے ماہ مبارک رمضان اور دیگر تہواروں کے دوران ایس ڈی ایمز اور تحصیلداروں کو ہدایت کی کہ وہ مذہبی سربراہوں کے ساتھ متواتر ملاقاتیں کریں اورٹیکہ کاری کو یقینی بناتے ہوئے وائرس کے خلاف جنگ میں ان کا تعاون حاصل کریں اور کوویڈ ایس او پیز پر عمل کریں۔ انہوں نے متعلقہ ایس ڈی ایمز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری / نجی ٹرانسپورٹ میںکوڈ19 سے متعلقہ ایس او پیز پر عمل در آمدکو یقینی بنائیں۔ دریں اثنا ، تمام ضلع افسران کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے زیرانتظام کام کرنے والے تمام ملازمین کو سات دن کے اندر ویکسین کے ٹیکے لگائیں۔انہوں نے گورنمنٹ آرڈر نمبر ڈی ایم پی / پی اے / 32-41 مورخہ: 02-04-2021 کے سلسلہ میں تمام افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاری ہدایت نامہ کو زمینی سطح پرنافذ کریں۔ انہوں نے وادی کشمیر سے وائرس کو روکنے کے لئے بی ایم او سرنکوٹ کو ہدایت کی کہ وہ مغل روڈ پر فوری طور پر چیکنگ / ٹیسٹنگ سینٹر قائم کریں ۔ اجلاس میں شریک افسران میں سینئر سپرناٹینڈنٹ پولیس پونچھ ، اے ڈی ڈی سی پونچھ ، اے سی آر پونچھ ، ایس ڈی ایم مینڈھر ،ایس ڈی ایم سرنکوٹ ، سی ایم او پونچھ اوردیگر افسران موجود تھے۔