جاوید اقبال
مینڈھر//ڈپٹی کمشنر پونچھ، وکاس کنڈل نے تحصیل ہیڈکوارٹر منکوٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا تاکہ اسپیریشنل بلاک پروگرام کے نفاذ اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔ اس پروگرام کا مقصد بلاک کی تیز رفتار ترقی اور اہم سماجی و اقتصادی اہداف کا حصول ہے۔اجلاس میں انٹیگریٹیڈ چائلڈ ڈیو لپمنٹ سروسز (ICDS)، زراعت، اینمل ہسبنڈری، صحت، تعلیم اور دیگر متعلقہ شعبوں کی کارکردگی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ تمام شعبے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور مقررہ وقت کے اندر ترقیاتی اہداف کو مکمل کریں۔وکاس کنڈل نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ چیلنجز اور پیش رفت کو براہ راست مانیٹر کریں اور باہمی تعاون سے کام کرتے ہوئے منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام علاقائی فرق کو کم کرنے اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔اجلاس میں تمام ضلعی سربراہان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی اور اپنی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ اجلاس کا اختتام اس یقین دہانی کے ساتھ ہوا کہ تمام شعبے اپنی کوششوں کو دوگنا کریں گے اور مقررہ وقت کے اندر اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں گے۔