عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// ڈپٹی کمشنر راجوری ابشیک شرما نے منگل کے روز سرکاری ڈاک بنگلہ نوشہرہ میں نوشہرہ سب ڈویژن کے مختلف سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران کا ایک اہم اجلاس طلب کیا، جس میں تمام محکموں کی مجموعی کارکردگی اور عوامی خدمات کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کا مقصد زمینی سطح پر جاری ترقیاتی و فلاحی کاموں کا جائزہ لے کر ان میں بہتری لانا اور عوام کو درپیش مسائل کا فوری حل یقینی بنانا تھا۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے جل شکتی محکمہ کے اعلیٰ حکام پر خاص زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی بلا رکاوٹ سپلائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے مختلف علاقوں سے سب سے زیادہ شکایات پینے کے پانی کی قلت کے حوالے سے موصول ہو رہی ہیں، جس پر فوری توجہ دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ پانی کی سپلائی لائنوں، ذخیرہ ٹینکوں اور اسکیموں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف ترقیاتی کاموں میں تیزی لائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو سڑکیں، سرکاری اسکول یا دیگر سرکاری عمارتیں تعمیر کی جا رہی ہیں، ان کی نگرانی متعلقہ افسران خود کریں تاکہ کام مقررہ مدت میں مکمل ہو اور عوام کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے تمام سرکاری محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی کا رپورٹ کارڈ ہمہ وقت تیار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاتر میں آنے والے عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور تعاون کا رویہ اپنایا جائے، کیونکہ عوامی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی محکمہ یا ملازم کے خلاف غفلت یا بدسلوکی کی شکایت موصول ہوئی تو اس پر قانونی کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ، تحصیلدار نوشہرہ اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران اجلاس میں موجود رہے۔