عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی ) نلین پربھات نے منگل کے روز ایک اہم سکیورٹی میٹنگ کی صدارت کی، جس میںعید الاضحیٰ اور شری امرناتھ یاترا 2026 کے لیے کیے گئے حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ پوری وادی میں فول پروف سکیورٹی کے ساتھ ساتھ عوام کی سہولت کو یقینی بنایا جائے۔اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں جموں و کشمیر پولیس کے علاوہ سی آر پی ایف، بی ایس ایف ، آئی ٹی بی پی ،سی آئی ایس ایف ، ایس ایس بی فورسز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
ٹریفک پولیس، ریلوے اور دیگر انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔وادی میں بدھ کے روز عید الاضحیٰ کا تہوار منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈی جی پی نے ہدایت دی کہ مساجد اور بڑے عیدگاہوں پر بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لیے جامع انتظامات کیے جائیں۔ حساس مقامات پر اضافی فورسز تعینات کی جائیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پیٹرولنگ تیز کی جائے۔رواں سال کی امرناتھ یاترا 3 جولائی سے شروع ہو کر 28 اگست تک جاری رہے گی۔ یاترا کی حفاظت کے لیے درج ذیل اقدامات پر زور دیا گیا۔ یاترا کے راستوں پر تسلط قائم کرنے اور دہشت گردانہ نیٹ ورک کو تباہ کرنے کی مہم تیز کی جائے۔ تخریب کاری روکنے والے دستوں کی تعیناتی اور نگرانی کے لیے جدید ترین ریئل ٹائم مانیٹرنگ سسٹم کا استعمال کیا جائے۔ وادی میں آنے والی سینٹرل فورسز کی کمپنیوں کے قیام اور ان کی زمینی سطح پر موثر تعیناتی کے لیے ضلع سربراہان کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔