عظمیٰ نیوز سروس
بارہمولہ// ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین پربھات نے ٹنگمرگ میںضلع بارہمولہ کا سیکورٹی جائزہ لیا۔اجلاس میں سپیشل ڈی جی پی کوآرڈی نیشن ایس جے ایم گیلانی ، آئی جی پی کشمیر ودھی کمار بردی ، ڈی آئی جی وسطی کشمیر ، ڈی آئی جی شمالی کشمیر ، ایس ایس پی بارہمولہ، اے ڈی ایس پی بارہمولہ، ایس پی آپریشنز بارہمولہ، تمام ڈپٹی ایس پی آپریشنز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنز اور پولیس پوسٹس کے انچارجز نے شرکت کی۔
کانفرنس کے دوران ڈی جی پی نے ضلع بارہمولہ کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام افسروں کو ملی ٹینسی اور ان کے حمایتی نیٹ ورکس کے خلاف سخت اور غیر متزلزل رویہ اپنانے کی ہدایت کی اور دہشت گردی کے خلاف صفر رواداری پر زور دیا۔ سیاحوں کی حفاظت کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ انہوں نے پولیس اسٹیشنز اور پولیس پوسٹس کے کردار کو دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں بڑھانے کی ہدایت کی۔انہوں نے امن و امان قائم رکھنے کے لیے مضبوط ہم آہنگی، انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز، اور پیشگی پولیسنگ پر زور دیا۔ ڈی جی پی نے افسروں اور جوانوں کی کاوشوں کو سراہا اور تمام عملے سے خبردار، منظم اور مشن پر مرکوز رہنے کی ہدایت کی۔