مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی ڈھرانہ تا گوہلد 5کلو میٹر سڑک کی تار کول کچھ ہی عرصہ میں اکھڑ گئی جس کی وجہ سے لوگوں و مسافروں کی آمد ورفت متاثر ہورہی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے سرحدی علاقہ میں جانے والی سڑک پر دو برس قبل تار کول بچھائی گئی تھی تاہم مبینہ طورپر غیر معیاری مٹریل استعمال کرنے کی وجہ سے تار کول کچھ ہی عرصہ میں اکھڑ گئی اور کھڈے پڑنے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت متاثر ہورہی ہے ۔مقامی سرپنچ حاجی شارک خان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازمین کی ملی بھگت کی وجہ سے سڑک کی تعمیر میں غیر معیاری ساز و سامان استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے کچھ ہی عرصہ میں سڑک کھڈوںمیں تبدیل ہو گئی ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کے گرد تعمیر کردہ حفاظتی باندھ بھی منہدم ہوگئے ہیں جبکہ نالیوں کا بھی کوئی بندوبست نہیں ہے ۔مقامی لوگوں اور پنچایتی اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑ ک کی تعمیر میں غیر معیاری مٹریل استعمال کرنے پر ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ تباہ شدہ سڑک کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے ۔