بھدرواہ //ضلع ڈوڈہ کے ملانو علاقہ کے مکینوں نے اپنے علاقہ میں ڈگری کالج کھولنے کیلئے کاہرہ میں جمعہ کے روز ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔چناب یوتھ والینٹرس کے صدر امجد شفیع میر اور رفعت میرکی قیادت میں مظاہرین نے ٹھاٹھری ۔گندو سڑک پر کاہرہ بازار میں احتجاج کیا۔انہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بلند کئے اور علاقہ میں کالج کھولنے کی اہمیت بیان کی۔انہوں نے کہا کہ ٹھاٹھری میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد رہائش پذیر ہے کیونکہ بہت سے سرکاری ملازمین بشمول فوجی اہلکاروں نے اپنے بچوں کی اچھی تعلیم کے لئے ٹھاٹھری میں ہی ڈیرہ جمایا ہے، جسکی وجہ سے وہاں پر دیہی علاقوں کے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کی سکت نہیں ہے کیونکہ وہ لوگ غربت کی زندگی گُذار رہے ہیں، جس سے انکے اعلیٰ تعلیم کے خواب ادھورے رہ گئے ہیں۔مُقررین نے وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم سے اپیل کی کہ علاقہ کے لئے منظور ڈگری کالج کہارا میں ہی کھولا جائے ،جس سے عام لوگوں کو فائدہ ہوگا۔مظاہرین سے خطاب کرنے والوں میںامجد شفیع میر، رفاقت میر، عبدالرحمان، خیر دین ماگرے، عُمر وانی، ریاض راتھر، بلال پرے، احمد ماگرے کے علاوہ سینئر سٹیزنز بشمول کیپٹن لیاقت ،منظور زرگر، ظفر اللہ ماگرے ،نذیر احمد وانی، سفدر وانی،محبوب ملک و دیگران بھی موجود تھے۔