عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//گورنمنٹ ڈگری کالج ریاسی میں پوش (Prevention of Sexual Harassment) کمیٹی کی جانب سے ’شی باکس‘(SHE-BOX )آگاہی پروگرام کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام کالج کی معزز پرنسپل پروفیسر ممتا گپتا کی سرپرستی میں منعقد ہوا، جس کا بنیادی مقصد جنسی ہراسانی کے حوالے سے بیداری پیدا کرنا اور اس کے خلاف زیرو ٹالرینس (عدم برداشت) کا واضح پیغام دینا تھا۔پروگرام کا آغاز کالج کے گرلز کامن روم میں ہوا، جہاں پروفیسر پوجا دھیمن، کنوینر پوش کمیٹی نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں میں محفوظ اور باوقار ماحول کی فراہمی نہایت ضروری ہے تاکہ طلبہ، خصوصاً طالبات، بلا خوف و خطر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی ڈاکٹر مہک تفچی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جنسی ہراسانی کے مختلف پہلوؤں، اس کے سماجی و نفسیاتی اثرات اور اس کی روک تھام کے مؤثر طریقوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکاء کو شی باکس پلیٹ فارم کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور شکایات درج کرانے کے طریقہ کار کی وضاحت کی۔تقریب میں کالج کے کئی معزز اساتذہ نے شرکت کی، جن میں ڈاکٹر پلک ملہوترا، پروفیسر کیول کرشن، ڈاکٹر عمر حبیب، پروفیسر عفان علی، مسٹر راکیش کمار،ڈاکٹر سریتا شرما، مسز نیلم منہاس، پروفیسر پلویندر کماری، پروفیسر انجو دیوی، ڈاکٹر پوجا بھگت اور محترمہ رانو دیوی شامل تھیں۔اس بیداری پروگرام میں تقریباً 50 طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور مختلف موضوعات پر سوالات بھی کئے۔ پروگرام کے بعد طلبہ اور اساتذہ نے مل کر کالج کیمپس میں آگاہی پوسٹرز چسپاں کیے، جس کا مقصد اس اہم پیغام کو مزید عام کرنا تھا۔پروگرام کا اختتام ڈاکٹر سریتا شرما کے اظہارِ تشکر کے ساتھ ہوا، جنہوں نے تمام مقررین، شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کالج میں محفوظ اور ہراسانی سے پاک ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔