محتشم احتشام
پونچھ//عیدالاضحی کے پیش نظر عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور بازاروں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے مقصد سے ڈپٹی کمشنر پونچھ کی ہدایات پر نائب تحصیلدار چنڈک، نصیر احمد نے چنڈک، کلائی اور ڈینگلہ کے مختلف بازاروں اور تجارتی مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران متعلقہ افسران نے دکانداروں کو صفائی ستھرائی برقرار رکھنے، سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے اور اشیائے خوردونوش کو تازہ و صاف حالت میں رکھنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔معائنہ کے دوران نائب تحصیلدار نے مختلف دکانوں، سبزی فروشوں، گوشت فروشوں اور روزمرہ استعمال کی اشیاء فروخت کرنے والے تاجروں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے دکانداروں پر زور دیا کہ وہ عوام کو معیاری اور تازہ اشیاء فراہم کریں اور کھانے پینے کی تمام اشیاء کو مناسب انداز میں ڈھانپ کر رکھیں تاکہ صحت عامہ کے اصولوں کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے ایام میں عوامی سہولت اولین ترجیح ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے مراکز کا بھی معائنہ کیا گیا۔ نائب تحصیلدار کے ہمراہ ویٹرنری اسسٹنٹ سرجن چنڈک ڈاکٹر سمیت کور بھی موجود تھیں، جنہوں نے قربانی کے جانوروں کی صحت، صفائی اور طبی معائنے کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر سمیت کور نے بیوپاریوں اور خریداروں کو ہدایت دی کہ بیمار یا کمزور جانوروں کی خرید و فروخت سے اجتناب کیا جائے اور جانوروں کی دیکھ بھال کے دوران حفظانِ صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھا جائے۔انتظامیہ کی جانب سے دکانداروں اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ عید کے مقدس موقع پر صفائی، نظم و ضبط اور سرکاری ہدایات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ بازاروں میں نگرانی کا عمل آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔