پونچھ // پیر پنچال عوامی ڈیولپمنٹ فرنٹ ڈپٹی کمشنر پونچھ اعجاز اسد کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ کچھ لوگ ان سے متعلق بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں اوران کے تبادلے کی مانگ کی جارہی ہے ۔ یہاں جاری بیان کے مطابق فرنٹ کے چیئرمین مولوی فرید ملک نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سوشل میڈیاپر ڈُٹی کمشنر کے بارے میں غلط افواہیں پھیلائی جارہی ہیں اور یہ سب کچھ سیاسی مفادات کی غرض سے کیاجارہاہے ۔ان کاکہناہے کہ دراصل یہ لوگ یہ نہیں چاہتے کہ ان کی کھڑپنچی ختم ہواور عام لوگ بھی موصوف کے دفتر تک رسائی کرسکیں۔مولوی فرید نے کہاکہ سوشل میڈیا پر ڈپٹی کمشنر پربے بنیاد الزام عائد کئے جارہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں کو فخر ہوناچاہئے کہ پونچھ سے ہی تعلق رکھنے والا ایک ایماندار اور قابل افسر اس اہم عہدے پر تعینات ہواہے ۔انہوںنے کہاکہ ضلع پونچھ کی عوام کو پہلی بار ایسا ڈپٹی کمشنر ملا ہے جو عوامی مشکلات کے ازالہ کے لئے انتہائی سنجیدہ ہے اور خود جگہ جگہ جاکر عوامی دربار منعقد کرکے مسائل حل کررہاہے نہیں تو پہلے کا حال بھی لوگ دیکھ چکے ہیں جب لوگوں کے مسائل کا کوئی مداوانہ تھا۔مولوی فرید ملک نے ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو کبھی بھی کسی سیاسی بنیاد پر یہاں سے تبدیل نہ کیا جائے اوراگر ایسا ہواتوپورے ضلع میں احتجاج کئے جائیںگے ۔