ڈوڈہ کے قصبہ ٹھاٹھری میں سیاسی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس

ڈوڈہ // خطہ چناب کو صوبہ کا درجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،خطہ کے سبھی سیاسی و سماجی کارکن اپنے مفادات سے بالاتر ہو کر اس جدوجہد میں شامل ہو کر مثبت کردار ادا کریں۔ ان باتوں کا اظہار ضلع ڈوڈہ کے ٹھاٹھری قصبہ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ایک اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.ڈاک بنگلہ ٹھاٹھری میں منعقد اجلاس میں کانگریس، نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی و اپنی پارٹی سے وابستہ پارٹی کارکنوں و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر بولتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وادی چناب جموں و کشمیر کا ایک ایسا خطہ ہے جو ہر دور میں سیاسی انتقام گیری کا شکار رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ خطہ میں قدرتی وسائل کی بھر مار ہے لیکن یہاں کے مقامی لوگوں کو اس سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوتا ہے بلکہ ان کو بیرونی ریاستوں میں فروخت کیا جاتا ہے۔انہوں نے خطہ چناب کی طرح پیرپنجال بھی عدم توجہی کا شکار رہا ہے اور وقت کی اہم ضرورت ہے ہے کہ سبھی سیاسی و سماجی تنظیمیں یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر ایک منظم جدوجہد چلائیں تاکہ اس خطہ کو وہ حق دلایا جاسکے جس کا یہ مستحق ہے۔مقررین نے وادی چناب کے سبھی سیاسی و سماجی شخصیات سے یک جٹ ہو کر ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں تاکہ یوٹی و مرکزی حکومتوں پر دباؤ بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کی 14 تاریخ کو ایک عوامی جلسہ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں لوگوں کو بھی جانکاری دی جائے گی۔اجلاس سے چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹھاٹھری منصور احمد، ضلع صدر اپنی پارٹی اصغر کھانڈے، نیشنل کانفرنس بلاک صدر شمیم احمد بٹ، پی ڈی پی لیڈر عبدالمجید بٹ، کانگریس کارکن الطاف حسین، وسیم زرگر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔