عظمیٰ نیوزسروس
ڈوڈہ//ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے کان کنی اور معدنیات محکمہ کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ، میٹنگ ایس ڈی ایم اور تحصیل دار نے بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں حصہ لیا۔ میٹنگ میں معدنیات نکالنے کے عمل کو بہتر بنانے ، آمدنی کو بہتر بنانے اور غیر قانونی کان کنی کے خلاف نفاذ کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اُنہوں نے دیرپا طریقوں کی فوری ضرورت پر زور دیا جو ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ مقامی ترقی کو متوازن کرتے ہیں ، مؤثر وسائل کے انتظام کے لئے ایک واضح سمت متعین کرتے ہیں۔بات چیت قانونی معدنیات نکالنے کو فروغ دینے کے لئے اجازت نامے کے اجرأ کے عمل کو تیز کرنے پر مرکوز تھی جو علاقائی بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ضروری ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہاکہ بروقت اجازت نامے نہ صرف کارروائیوں کو آسان کرتے ہیں بلکہ معدنیات کی فراہمی کے لئے جائز اِختیارات فراہم کرکے غیر قانونی سرگرمیوں کو بھی روکتے ہیں۔ اُنہوں نے ماحولیاتی رہنما خطوط پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ٹیم کو ہدایت دی کہ وہ قانون عملانے والے اداروں کے ساتھ کوارڈی نیشن کو تیز کریں تاکہ کان کنی کی سرگرمیوں کی سخت نگرانی کو ممکن بنایا جاسکے۔ اُنہوں نے نگرانی کی کارروائیوں میں کمیونٹی کی شمولیت پر زور دیا اور رہائشیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے علاقوں کو متاثر کرنے والی کسی بھی غیر منظم سرگرمیوں کی اطلاع دیں۔ اس نقطہ نظر کا مقصد عوامی شکایات کو دور کرنا ، اعتماد پیدا کرنا اور ضلع بھر میں کان کنی کے کاموں میں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔