ڈوڈہ میں معمر اور جسمانی طو رخاص افراد کیلئے ہوم ووٹنگ شروع

 عظمیٰ نیوزسروس

ڈوڈہ//ضلع بھر میں عام اسمبلی اِنتخابات کے لئے تین حلقوں اسمبلی حلقہ بھدرواہ ، اسمبلی حلقہ ڈوڈہ اور اسمبلی حلقہ ڈوڈہ ویسٹ میں ہوم ووٹنگ کا آغاز ہوا۔ ہوم ووٹنگ کی سہولیت دو دن کے لئے دستیاب ہوگی۔الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کی جانب سے شروع کی گئی اس پہل میں بزرگ شہریوں اور جسمانی طور خاص اَفراد (پی ڈبلیو ڈی) کو گھر سے ووٹ ڈالنے کی اِجازت دی گئی اور جمہوری عمل میں ان کی فعال شرکت کو یقینی بنایا گیا۔پولنگ ٹیمیں صبح سویرے تصدیق شدہ علاقوں میں روانہ کی گئیںجن میں ان تمام نشاندہی شدہ مقامات کا احاطہ کیا گیا جہاں عمر رسیدہ اور جسمانی طور خاص اَفراد رائے دہندگان رہتے ہیں۔زائد اَز 85برس کے رائے دہندگان اور جسمانی طور خاص اَفراد کی بڑی تعداد میں رائے دہندگان نے زبردست ردِّعمل کا اظہار کیا جو جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے ان کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔ضلع چنائو آفیسر ہرویندر سنگھ نے کہا کہ ہوم ووٹنگ کے پُرامن اِنعقاد کے لئے مناسب اِنتظامات کئے گئے تھے۔ اُنہوں نے کہاکہ یہ اَقدام شمولیت کی طرف ایک اہم قدم ہے کیوں کہ یہ 85 برس سے زیادہ عمر کے رائے دہندگان اور جسمانی طور خاص اَفراد کو اِختیاری ہوم ووٹنگ کی سہولیت فراہم کرتا ہے جس سے اِنتخابی عمل کی رسائی میں مزید اِضافہ ہوتا ہے۔