ڈوڈہ //ڈوڈہ میں محکمہ صحت کی جانب سے اگست کے پہلے ہفتے میں 'ماں کا دودھ امرت ہے' و مسلسل دو ہفتوں تک ضلع بھر میں صفائی ابھیان کی مہم جاری ہے اور ضلع، سب ڈویژنل ہیڈکواٹر پر قائم ہسپتالوں و طبی مراکز کے آس پاس صحت و صفائی مہم میں محکمہ کے ملازمین حصہ لے رہے ہیں۔چیف میڈیکل آفیسر ڈوڈہ ڈاکٹر محمد یعقوب میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اعلیٰ حکام کی زیرنگرانی ضلع میں اگست کے پہلے ہفتے میں "ماں کا دودھ امرت ہے'کی مناسبت سے گاؤں سطح پر جا کر محکمہ کے ملازمین نوزائد بچوں کو ماں کا ہی دودھ پلانے کی طرف راغب کرتے ہیں جو کہ بچوں کی نشوونما کے لئے مفید ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے کو ماں کا دودھ پلانا ایک مشترکہ سماجی ذمہ داری بنانا چاہیے۔یہ ہفتہ عالمی سطح پر بچے کو ماں کا دودھ پلانے کے حوالے سے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ بچے کی پیدائش کے ایک گھنٹے کے اندر ماں کا دودھ پلانا شروع کرنے سے نوزائدہ بچوں کی اموات کو روکا جاسکتا ہے ،جبکہ6 ماہ تک بچے کو صرف ماں کا دودھ پلانے سے نوازئدہ بچے اور چھوٹے بچوں میں ہیضے اور نمونیا جیسے امراض کو کم کیا جاسکتا ہے۔سی ایم او نے کہا کہ پندرہ اگست تک ضلع میں صفائی ابھیان جاری رہے گا۔