ڈوڈہ میں’’منشیات کی لعنت‘‘ کے موضو ع پر جانکاری پروگرام

 ڈوڈہ//منشیات مخالف مہم کے طور پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ڈوڈہ افتخار احمد( کے پی ایس) نے پولیس ہیڈکوارٹر جموں و کشمیر کی طرف سے تعینات کونسلر برائے ڈرگ ڈی ایڈیکشن بلجیت سنگھ کے ہمراہ پیرامونٹ پبلک ہائر اسکنڈری اسکول ڈوڈہ میں’’منشیات کی لعنت‘‘ کے موضو ع پر ایک جانکاری پروگرام کا انعقاد عمل میں لا کر منشیات کے مہلک اثرات پر تفصیلی لیکچرر دیا۔اس موقع پر اسکول میں زیرِ تعلیم طلباء و طالبات اور تدریسی و غیر تدریسی عملہ کے اراکین بھی موجود تھے۔اپنے لیکچر میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر نے کہا کہ معاشرے کو منشیات سے پاک بنانا ڈائریکٹر جنرل پولیس جموں وکشمیر کے سال 2017ء کے اہداف میں شامل ہے اور ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی قیادت میں ڈوڈہ پولیس ضلع ڈوڈہ کو منشیات سے پاک بنانے کے لئے ہر وہ قدم اُٹھا رہی ہے جو اس ہدف کو حاصل کرنے میں معاون ہو سکتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ منشیات موجودہ دور کا سب سے بڑا المیہ ہے جس نے زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ہم سب کی یہ مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم منشیات کی زہر ناکیوں سے نوجوان نسل کوآگاہ کریں کیوں کہ جب تک منشیات کے مضمرات سے نوجوان نسل کو آگاہی نہیں ہوگی ، تب تک اِس لعنت پر کنٹرول کرنا مشکل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک و قوم اور انسانیت کے ان مجرموں کوجو ہماری نوجوان نسل کے لئے ایک دیمک کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے مددگاروں کو بے نقاب کرنا ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے۔ جب تک منشیات کے مضمرات سے نوجوان نسل کو آگاہی نہیں ہوگی ، تب تک اِس لعنت پر کنٹرول کرنا مشکل ہے۔اُنہوںنے کہا کہ ڈوڈہ پولیس نے اس لعنت کو ختم کرنے کا تہیہ کر لیا ہے اور منشیات مخالف مہم شدو مد سے جاری ہے ۔ اس سلسلہ میں گذشتہ چند ماہ کے دوران چرس،بھنگ،دیسی شراب اور نشہ آور ادویات کی بھاری مقدار ضبط کی گئی ہے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔تاہم اس کاخاتمہ عوام کے مکمل تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔کونسلر ڈرگ ڈی ایڈیکشن بلجیت سنگھ نے بھی اس موقع پر منشیات کے مہلک اثرات کے موضوع پر تفصیلی لیکچر دیا۔