محمد تسکین
بانہال//ضلع انتظامیہ رام بن نے ڈول ہستی پاور سٹیشن، کشتواڑ کے ڈیم سے سلٹ فلشنگ (گاد کی صفائی) کے مقررہ عمل کے پیش نظر عوامی مشاورتی ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔یہ ایڈوائزری ضلع مجسٹریٹ رام بن محمد الیاس خان کی ہدایت پر جاری کی گئی ہے، جس میں عوام کو مطلع کیا گیا ہے کہ ڈلہستی پاور اسٹیشن کے ڈیم کے گیٹ 27 جون 2026 کی رات 11 بجے سے 28 جون 2026 کی شام 8 بجے تک سلٹ فلشنگ کے عمل کے لیے کھلے رہیں گے۔انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ پانی کے اخراج کے باعث بگلیہار ڈیم کے نشیبی علاقوں میں دریائے چناب کے پانی کی سطح میں اچانک اضافہ اور بہاؤ کی رفتار میں تیزی آ سکتی ہے۔عوامی تحفظ کے پیش نظر مقامی باشندوں، سیاحوں، ماہی گیروں، مویشی پال افراد اور دیگر لوگوں کو دریائے چناب اور اس کی معاون ندیوں کے کناروں سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ لوگوں کو اس دوران دریا میں نہانے، تیراکی، ماہی گیری، رافٹنگ اور دیگر سرگرمیوں سے بھی گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لوگ اپنے مویشیوں اور قیمتی سامان کو دریا کے کنارے واقع نشیبی علاقوں سے دور منتقل کریں اور ایسی ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں کو عبور کرنے سے اجتناب کریں جہاں پانی کی سطح اچانک بلند ہو سکتی ہے۔ضلع انتظامیہ نے تمام متعلقہ محکموں، فیلڈ افسران اور مقامی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس ایڈوائزری کو وسیع پیمانے پر عوام تک پہنچائیں اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنائیں۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ضلع انتظامیہ، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا غیر معمولی واقعے کی فوری اطلاع قریبی حکام کو دیں۔