عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ایرانی عوام کیساتھ اظہارِ یکجہتی کرنے کیلئے کل نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نئی دہلی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور ایران کے سربراہ آیت اللہ علی خامنہ ای کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔اس موقع پر انہوں نے اس افسوسناک اور دلخراش سانحہ پر اپنی گہری تشویش، دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ تعزیتیں جموں و کشمیر کے عوام کی جانب سے پیش کر رہے ہیں، جو اس غم کی گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس موقع پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایک خودمختار اور آزاد ملک پر کئے گئے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ عالمی امن و استحکام کے لئے بھی سنگین خطرہ پیدا کرتے ہیں۔ ان کے ہمراہ پارٹی کے راجیہ سبھا ممبران چودھری محمد رمضان، سجاد احمد کچلو اور گوروِندر سنگھ اوبرائے بھی تھے۔