پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں سیلابی صورتحال کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت و طبی تعلیم نے تمام پرائمری ہیلتھ سینٹروں سے لیکر تمام سپر سپیشلٹی ہسپتالوں کو تیار رہنے کی ہدایت دی ہے جبکہ اس دوران تمام ڈاکٹروں کو ڈیوٹیوں پر حاضر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سیکریٹری ہیلتھ و میڈیکل ایجولیکشن نے کہا ’’ محکمہ صحت و طبی تعلیم نے موسمی صورتحال کو دیکھتے ہوئے وادی کے تمام اسپتالوں کو تیار رہنے کی ہدایت دی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں ادویات، طبی آلات اور دیگر سازو سامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے تو کمیوں کو فوراً دور کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی، طبی آلات اوردیگر ساز و سامان کی دستیابی سے نپٹنے کیلئے تیار ہیں‘‘۔ اس دوران پرنسپل سکمز میڈیکل کالج کے تمام شعبہ جات کو ناساز موسم کی وجہ سے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔پرنسپل نے کالج کے مختلف شعبہ جات میں کام کرنے والے تمام ڈاکٹروں کی چھٹیوںکو منسوخ کردیا ہے جبکہ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ جے وی سی ہسپتال کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہسپتال میں نصب طبی آلات اور ادویات کو بچانے کیلئے قیمتی مشینوں اور ادویات کو دوسری منزل میں منتقل کریں۔