سرینگر //ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے کووڈ اسپتالوں میں متاثرین کے علاج و معالجہ کیلئے نئے قوائد و ضوابط جاری کئے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے 20 مئی کوجاری کئے گئے سرکیولر میں میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ، بلاک میڈیکل آفیسراورنوڈل آفیسروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر کوویڈ اسپتالوں کا معائنہ کریں اورتمام تفاصیل کو سرکاری دستاویزات میں معائنہ کی تاریخ اور وقت کے ساتھ درج کرے۔ سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ مریضوں کو انچارج کنسلٹنٹ یا میڈیکل آفیسر یا اسپتال سے رخصت کرنے والے ڈاکٹر وںکے نام پر داخل کیا جائے اور سرکاری ریکارڈ میں متعلقہ ڈاکٹر اپنا عہدہ بھی ظاہر کریں جبکہ نرسنگ عملہ مریض کے علاج کے دستاویزات بنائے اور مریض کے علاج کے تمام تفصیلات کیس شیٹ میں درج کریں۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر وارڈوں کے رائونڈ کے دوران مریض کے معائنوں کی تمام تفصیلات درج کرے جن میں معائنہ کرنے والے ڈاکٹر کا نام اور عہدہ بھی شامل ہے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ، بلاک میڈیکل آفیسران اور میڈیل افسران 9بجے سے 10بجے تک مارننگ میٹنگوں کا انعقاد کریں جن میں مریضوں کو بہتر علاج و معالجہ فراہم کرنے پر تبادلہ خیال ہوگا۔میٹنگ میں اسپتال کے میکنیکل انجینئرنگ ڈیویژن کے نمائندے بھی شامل ہونے چاہئیںنیز اموات کی وجوہات کا پتہ لگا کر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر کو جانکاری فراہم کی جائے۔