عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //سرینگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر اویس احمد نے سرینگر کے ڈائون ٹائون میں جاری سمارٹ سٹی مشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔ایگزیکٹو انجینئرز، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئرز اور سرینگر میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کی ایک ٹیم کے ساتھ ڈاکٹر اویس نے کہنہ کھن ڈلگیٹ، خانیار، راجوری کدل، نوا کدل، اور صفا کدل نالہ مار روڈسمیت مختلف مقامات پر پروجیکٹوں کی پیشرفت کی نگرانی کی۔اس دورے کا بنیادی مقصد سرینگر کے ڈائون ٹائون علاقے میں سمارٹ سٹی پروجیکٹوں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینا تھا، اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ وہ بروقت تکمیل کے راستے پر ہیں۔معائنہ کے دوران، سی ای او نے ہر پروجیکٹ سائٹ پر پیش رفت کا بغور جائزہ لیا اور کام کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے افسران کے ساتھ بات چیت کی۔ڈاکٹر اویس نے تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان ہموار ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ان تبدیلی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔مزید برآں، سی ای او، ایس ایس سی ایل نے عوام سے صبر اور تعاون کی اپیل کی کیونکہ یہ پروجیکٹ سرینگر کے ڈاون ٹاون کے شہری منظرنامے کو بڑھانے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔