یواین آئی
میڈرڈ/اسٹار اسٹرائیکر کیلین ایمباپے کی شاندار فارم کی بدولت ریئل میڈرڈ نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر موناکو کو عبرتناک شکست دے کر چیمپیئنز لیگ کے اگلے مرحلے (ٹاپ 8) میں رسائی کی راہ ہموار کر لی ہے ۔میڈرڈ کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گئے اس یکطرفہ مقابلے میں ایمباپے نے اپنے سابق کلب کے خلاف رحم نہ دکھایا۔
میچ کے پانچویں منٹ میں فیڈے والورڈے کے پاس پر پہلا گول داغ کر ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ 26ویں منٹ میں دوسرا گول کر کے ہاف ٹائم تک اسکور 2-0 کر دیا۔ دوسرے ہاف میں فرانکو ماسٹانٹونو نے 51 ویں منٹ میں گول کیا، جبکہ موناکو کے تھیلو کیرر کے اون گول (Own Goal) نے ریئل میڈرڈ کا کام مزید آسان کر دیا۔ وینیسیئس جونیئر اور جوڈ بیلنگھم نے بھی ایک ایک گول کر کے اسکور 6-0 کر دیا۔ موناکو کی جانب سے واحد گول جورڈن تیزے نے کیا۔ایک اور اہم مقابلے میں آرسنل (گنرز) نے انٹر میلان کو 3-1 سے پچھاڑ دیا۔ اسٹرائیکر گیبریل جیسس نے پہلے ہاف میں دو اہم گول کیے ۔ میچ کے دسویں منٹ میں برتری دلانے کے بعد، انٹر میلان کے پیٹر سوسچ نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا تھا۔ جیسس نے دوبارہ آرسنل کو سبقت دلائی اور میچ کے اختتامی لمحات میں وکٹر گیوکیرس نے تیسرا گول کر کے ٹیم کی فتح پر مہر لگا دی۔