چیف سیکرٹری نے لیہہ میں قومی آئیس ہاکی چمپئن شپ کا افتتاح کیا

 لیہہ//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے آئی ایچ اے آئی نیشنل آئس ہاکی چمپئن شپ جو کارزو آئیس ہاکی رِنک لیہہ میں کھیلی جارہی ہے میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ان کے ہمراہ پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، ڈی سی لیہہ این وی لواسا اور ایس ایس پی لیہہ سرگن شکلا بھی تھیں ۔اس آٹھویں آئی ایچ اے آئی مین نیشنل چمپئن شپ میں مختلف ریاستوں کی دس ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جبکہ خواتین کے لئے یہ چھٹی آئی ایچ اے آئی نیشنل چمپئن شپ ہے جس میں چار ریاستوں کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔افتتاحی میچ اترا کھنڈ اور آرمی کے درمیان کھیلا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے اس بات کے لئے مسرت کا اظہار کیا کہ لیہہ میں آئس ہاکی کا کھیل تقویت پکڑتا جارہا ہے ۔ انہوں نے اس کھیل کو بڑھاواد ینے کے لئے ہر ممکن سہولیات بہم کرانے کا یقین دلایا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔چیف سیکرٹری نے اس موقعہ پر ہِل کونسل کو دئیے گئے اختیارات پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ ان اختیارات کی بدولت خطے کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ اس کی ترقی بھی ممکن ہوسکے گی۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جلد ہی لیہہ کا دورہ کر کے نئے لیہہ ائیر پورٹ ٹرمنل ، کلسٹر یونیورسٹی ، کالج اور پاور گرڈ کنکشن جیسے پروجیکٹوںکا افتتاح کریں گے ۔