سری نگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموںوکشمیر میں عوامی تقسیم کاری نظام کے کام کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میںکمشنر سیکرٹری خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین ، ڈائریکٹر جموںوکشمیر اور محکمہ کے متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔ ابتداً کمشنر سیکرٹری خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین زبیر احمد نے جموںوکشمیر یوٹی میں محکمہ کے مجموعی کام کے بارے میں ایک تفصیلی پرزنٹیشن دی۔چیف سیکرٹری نے ’’ وَن نیشن وَن راشن کارڈ ‘‘ کے تحت اِنڈکس پیمائش پرفارمنس میں جے اینڈ کے کی چھٹی رینکنگ کا نوٹس لیتے ہوئے یونین ٹیریٹری کے اِس سکیم کو مؤثر اَنداز میں نافذ کرنے پر محکمہ خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کے کوششوں کی سراہنا کی۔ اُنہوں نے کہا ،’’ وَن نیشن وَن راشن کارڈ سسٹم ایک شہری پر مبنی اصلاحات ہے اور اس کی عمل آوری سے نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ ( این ایف ایس اے ) کے تحت مستفید اَفرا د کو پورے ملک میں راشن کی دستیابی کو یقینی بنایا جاتا ہے ۔‘‘میٹنگ کو بتایا گیا کہ محکمہ جموںوکشمیر کے باشندوں کو 6,738 فیئر پرائس شاپوں ( ایف پی اسی ) کے نیٹ ورک کے ذریعے اِنتہائی رعایتی اور سستی قیمتوں پر غذائی اجناس کی بروقت اور مؤثر تقسیم کر کے غذائی تحفظ کو یقینی بنا رہا ہے ۔محکمہ نے مئی 2021ء کے مہینے میں مستحقین کو 1.03 لاکھ میٹرک ٹن غذائی اجناس تقسیم کیا ہے۔چیف سیکرٹری نے محکمہ کو ہدایت دی کہ 31 جولائی 2021ء تک صد فیصد آدھار اِندراج مکمل کریں۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ محکمہ ایک نامزدگی پالیسی مرتب کر رہا ہے جس کے تحت بڑھاپے میں مستفید اَفراد یا معذور اَفراد اَپنی جانب سے رعایتی راشن کا کوٹا جمع کرنے کے لئے تصدیق کے بعد کسی ذمہ دار کو نامزد کر سکتے ہیں۔چیف سیکرٹری نے اناج کے ضائع اور پیلیفریجری پر قابو پانے کے لئے سپلائی چین اِنتظامیہ کا کمپیوٹرائزیشن کاجائزہ لیتے ہوئے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ تمام سٹوروں اور ایف پی ایس کو اَپنے سٹوریج اور ٹرانسپورٹیشن کی رئیل ٹائم آن لائن مانیٹرنگ کا ایک مہینے کے اندر نفاذ کرے۔چیف سیکرٹری نے خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ پردھان منتری اجولا یوجنا کی رہنما خطوط کے مطابق جموںوکشمیر میں تیل خاکی کی تقسیم کا مکمل جائزہ لیں۔