مہور//گزشتہ شب ساڑھ کے مقام پر چیتے نے ایک گھر میںگھس کر 9بھیڑیں ہلاک اور6زخمی کر دیں 10بھیڑیں ابھی تک لاپتہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ دیر رات چیتا سب ڈویژن مہور کے ساڑھ کے مقام پر نظام دین والد فخردین کے مویشیوں کے باڑے میں گھس کر مویشیوں کا سخت نقصان کیا اور اس کے بعد چھپ گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق ان جنگلی درندوں نے علاقے میں خوف پیدا کر دیا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے اس سے قبل اس طرح کے کئی حادثات پیش آئے ہیںلیکن محکمہ وائلڈ لائف کوئی بھی قدم اٹھانے میں ناکام رہا۔اس سے قبل کئی ایک انسانی جانیں اور مویشی ان درندوں کا شکار ہوئے ہیں۔ اس سلسلہ میں لوگوں نے کئی مرتبہ اعلیٰ حکام تک یہ بات پہنچائی لیکن محکمہ ٹس سے مس نہیں ہوتا۔گزشتہ سانحہ کے بعد علاقہ میں چیتے نے دہشت کا ماحول کھڑا کر دیا ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ علاقہ میں ایک ٹیم بھیج کر ان جنگلی درندوں کو پکڑا جائے۔
بھدرواہ میں چیتے کا پولٹری فارم پر حملہ
۔450پولٹری چوزوں کو مار دیا،مالک کو مناسب معاوضہ دینے کی مانگ
طاہر ندیم خان
بھدرواہ//وادی چناب کے بھدرواہ کے علاقہ گاٹھا میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک چیتا ایک مقامی پولٹری فارم میں گھس گیا اور 450پولٹری چوزوں کو مار دیا۔اطلاعات کے مطابق منگل وار صبح جب لوگ بیدار ہوئے تو انہوں نے نزدیکی پولٹری فارم میں شور سنا۔قریب جانے پر دیکھا کہ ایک چیتا پولٹری فارم میں گھس گیاہے اور چوزوں کو مار رہاہے۔پویس کو اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او منیر خان دیگر اہلکاروں کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچ گئے۔ دریں اثنا محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کو بھی اطلاع دی گئی ۔ مقامی لوگوں نے پولٹری کے مالک کو مناسب معاوضہ دینے کی مانگ کی ہے۔محکمہ مال کے اہلکار بھی جائے واردات پر پہنچ گئے اور نقصان کا جائزہ لیا ۔