رائے پور//کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے خلاف تبصرہ سے خفا ہو کر چھتیس گڑھ میں کانگریس کے رہنماؤں اور عہدیداران نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی کے خلاف ریاست میں مختلف تھانوں میں شکایت درج کروائی ہے۔ریاستی کانگریس کے ترجمان سُشیل شکلا نے آج یہاں یو این آئی سے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سوامی کے راہل پر نازیبا تبصرہ کی مخالفت میں ان کے خلاف معاملہ درج کروانے کے لیے پوری ریاست میں کانگریس کے ضلع اور بلاک کے صدور کے یوتھ کانگریس اور مورچہ تنظیموں نے تھانوں میں شکایت درج کروانے کا کام شروع کر دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر گاندھی کے خلاف سوامی کے تبصرہ کی اطلاع ملی سب سے پہلے ریاستی صدر موہن مرکام نے تھانہ پہنچ کر شکایت درج کروائی اس کے بعد یہ سلسلہ تمام تھانوں میں سوامی کیخلاف معاملہ درج کروانے کے بعد ختم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سوامی گاندھی خاندان کیخلاف نازیبا تبصرہ کرکے وزیر اعظم مودی کو خوش کرنے میں کافی وقت سے مصروف ہیں لیکن ابھی تک انھیں کامیابی نہیں مل پائی ہے ۔