رمیش کیسر
نوشہرہ//سب ڈویژن نوشہرہ کے گاؤں چوکی ہنڈان میں پینے کے پانی کی سپلائی گزشتہ کئی دنوں سے متاثر ہونے کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاقہ مکینوں نے محکمہ جل شکتی کے اعلیٰ حکام اور ضلع انتظامیہ سے فوری مداخلت کرتے ہوئے پانی کی سپلائی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق گاؤں میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی اچانک متاثر ہو گئی تھی، جس کے بعد سے سینکڑوں خاندان سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔ شدید گرمی کے اس موسم میں پانی کی قلت نے روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ پانی جیسی بنیادی سہولت سے محرومی کے باعث نہ صرف گھریلو امور متاثر ہو رہے ہیں بلکہ جانوروں کیلئے بھی پانی کا انتظام کرنا مشکل بن چکا ہے۔دیہاتیوں نے بتایا کہ انہوں نے کئی مرتبہ محکمہ جل شکتی کے مقامی افسران اور ملازمین کو اس مسئلے سے آگاہ کیا اور فوری مرمت و بحالی کی اپیل کی، تاہم ابھی تک کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ ان کے مطابق حکام کی عدم توجہی کی وجہ سے مسئلہ دن بدن سنگین ہوتا جا رہا ہے۔علاقہ مکینوں نے کہا کہ گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کے باعث پانی کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے، لیکن سپلائی بند ہونے سے لوگ دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔ خواتین، بزرگوں اور بچوں کو سب سے زیادہ مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ لوگوں نے شکایت کی کہ محکمہ کی جانب سے اب تک نہ تو مسئلے کی مکمل جانچ کی گئی ہے اور نہ ہی متبادل انتظامات فراہم کیے گئے ہیں۔مقامی باشندوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ جل شکتی کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر پانی کی سپلائی بحال کریں تاکہ عوام کو اس شدید بحران سے نجات مل سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسئلہ جلد حل نہ کیا گیا تو عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے۔اس سلسلے میں جب ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ جل شکتی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے ماتحت افسران سے بات کریں گے تاکہ چوکی ہنڈان گاؤں میں پانی کی سپلائی متاثر ہونے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مسئلے کے حل کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں گے اور پانی کی سپلائی جلد بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔علاقہ مکینوں نے امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ محکمہ جلد کارروائی کرتے ہوئے انہیں پینے کے صاف پانی کی سہولت فراہم کرے گا تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔