جموں// نیشنل پنتھرس پارٹی کے کارکن 27سے 29جون ، 2018تک ادھمپور کے چنہنی میں سدھ مہادیو کے41ویں کیمپ کاانعقاد کریں گے جس سے سماج کی تمام طبقات کے لوگوں میں باہمی محبت اور بھائی چارہ کو فروغ دیا جاسکے اور وہ اس سالانہ یاترا میں شامل ہوکر جموں وکشمیر میں امن ، معمول کے حالات اور ترقی کے دور کی واپسی کے لئے بھگوان شیوا اور پاروتی کا آشیرواد لے سکیں۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ کی صدارت میں یہاں ایک میٹنگ ہوئی جس میں سینئر نائب صدر پی کے گنجو، ایڈوکیٹ ۔مشیر بنسی لال شرما، اور جنرل سکریٹری انیتا ٹھاکر نے شرکت کی۔ میٹنگ میں 27جون سے 29جون تک ہونے والے سدھ مہادیو کیمپ میں تمام جماعتوں کے لیڈروں اور کارکنوں سے شرکت کرکے اسے کامیاب بنانے کی درخواست کی گئی۔ خیال رہے کہ پنتھرس پارٹی 1978سے سدھ مہادیو کیمپ کا اہتمام کررہی ہے جب بھیم سنگھ چینانی سے 1977میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔میٹنگ میں شرکت کرنے والے دیگر لوگوں میں شنکر سنگھ چب، سردار پرمجیت سنگھ مارشل، مشتاق احمد چودھری، سیوا سنگھ بالی، نرمل کشور، راجیش گوندھی، پرتاپ سنگھ ، کے کے شرما،رویندر جموال اور انل رکوال وغیرہ شامل تھے۔