پونچھ//ضلع پونچھ کے علاقہ چنڈک کے انتہائی پسماندہ گاﺅں نرہڈ کے عوام اکیسویں صدی میں بھی پانی کی ایک بوند کیلئے ترستی ہے۔ مقامی لوگوں کی طرف سے اسی معاملے پر محکمہ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ عمل میںلایاگیا۔اس دوران گاﺅں کی خواتین اور بچوں نے سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت بند کر کے پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔مقررین نے کہا کہ وہ پہلے بھی کئی دفعہ احتجاج کر چکے ہیں کہ وہ پانی کی بوند بوند کو ترساں ہیںلیکن ان کی کوئی نہیں سنتا۔انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک کے دوران بھی وہ پریشان ہیں۔خواتین نے کہا کہ محکمہ کے ملازمین اور اعلیٰ حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے عوام پینے کے پانی کی سہولیات سے محروم ہیں اور وہ دور دور سے پانی اپنے سروں پر ڈھو کرلانے پر مجبور ہیں۔ مظاہرین نے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔ یہ احتجاجی مظاہرہ کئی گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد انتظامیہ کے افسر وہاں پہنچے اور انہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ پانی کی قلت کا مسئلہ حل کیاجائے گا۔مظاہرین نے اس شرط پر احتجاجی ملتوی کیا کہ اگر انہیں پانی دستیاب نہ ہواتو وہ پھر سے احتجاج کریںگے ۔