محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے گاؤں سلوتری کے وارڈ نمبر 8، محلہ پٹیاں میں حال ہی میں نصب کیا گیا ہینڈ پمپ چند ہی دنوں میں خستہ حالی کا شکار ہو گیا، جس کے باعث مقامی شہریوں میں شدید تشویش اور برہمی کی لہر دوڑ گئی ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ مذکورہ ہینڈ پمپ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے نصب کیا گیا تھا، تاہم ناقص تنصیب اور غیر معیاری میٹریل کے استعمال کے سبب یہ مختصر عرصے میں ہی ناکارہ ہو گیا۔مقامی باشندوں کے مطابق تنصیب کے دوران نہ تو مناسب نگرانی کی گئی اور نہ ہی معیار کو یقینی بنایا گیا، جس کے نتیجے میں عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا پانی جیسی بنیادی ضرورت کے لیے اب لوگوں کو دور دراز مقامات کا رخ کرنا پڑ رہا ہے، جو خصوصاً خواتین، بچوں اور بزرگوں کے لیے نہایت تکلیف دہ صورتحال ہے۔اہلِ علاقہ نے متعلقہ حکام، بالخصوص محکمہ جل شکتی سے مطالبہ کیا ہے کہ ہینڈ پمپ کی فوری مرمت کر کے اسے دوبارہ فعال بنایا جائے۔
ساتھ ہی انہوں نے ناقص کام انجام دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داران کا تعین کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کی کوتاہیوں کا تدارک ہو سکے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں بنیادی سہولیات پہلے ہی محدود ہیں، ایسے میں اس نوعیت کی غفلت عوامی مسائل میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم ہو سکے۔مقامی سماجی کارکنوں نے بھی اس معاملے پر فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔