محمد تسکین
بانہال // بانہال کے چملواس۔ نیل روڈ پر لیورا کے جنگلات میں جمعہ کی شام ایک دلخراش کار حادثے میں دو نوجوان اسوقت لقمہ اجل ہوئے جب ان کی کار سڑک سے پھسل کر گہری کھائی جا گری۔ ایس ایچ او بانہال عاشق حسین لون نے بتایا کہ حادثے کی خبر ملتے ان کی قیادت میں پولیس، مقامی لوگوں اور بانہال والنٹیئرز کے رضاکاروں نے موقع پر پہنچ کر بچاؤ کارروائی شروع کی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں گاڑی بری طرح تباہ ہوگئی تھی اور اس میں سوار افراد تباہ ہوئی گاڑی میں پھنس گئے تھے، جنہیں نکالنے کے لیے کافی مشقت کرنی پڑی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ دوسرے زخمی کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا ، تاہم وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 27سالہ عامر احمد ولد محمد شفیع چوپان اور 26سالہ ذیشان وانی ولد مرحوم عبد اللطیف وانی ساکنان باٹو نیل تحصیل رامسو، ضلع رامبن کے طور پر ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ دونوں نوجوان بانہال مارکیٹ سے واپس اپنے گھر آرہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ مہلوک نوجوان ذیشان احمد کے والد عبداللطیف وانی پولیس اہلکار تھے اور وہ کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد چند ماہ قبل رحلت کر گئے تھے۔ اس حادثے کی خبر پھیلتے ہی پورے بانہال اور نیل میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور نیل ، چملواس اور بانہال سے لوگ مدد کیلئے موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔