مینڈھر //سرحدی ضلع پونچھ کے چالاس گائوں میں کئی سینچائی نہریں گزشتہ کئی عرصہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر مکمل بند ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے گائوں میں سینکڑوں کنال آبی زمین کی قسم تبدیل ہو گئی ہے ۔کسانوں نے محکمہ آبپاشی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گائوں میں آنے والی سینچائی نہریں آہستہ آہستہ سے ختم ہو گئی ہیں تاہم ان کی بحالی و مرمت کیلئے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا جس کی وجہ سے کسانوں نے پریشان ہو کر زمینوں میں یا تو متبادل فصلیں لگانا شروع کر دی ہیں یا تو زمینیں بھی بنجر پڑی ہوئی ہیں ۔مقامی سرپنچ پارس رام شرما نے بتایا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے دھان کی فصل کیلئے متعلقہ حکام کی جانب سے آبپاشی کا کوئی بندوبست ہی نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے اب کسانوں کی مشکلات عروج پر پہنچ گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پنچایتی اراکین و کسانوں نے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کے دفتر کے چکر کاٹے ہیں لیکن ابھی تک خستہ حال نہروں کی مرمت نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے کسانوں اپنی زمینوں کی قسم تبدیل کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔کسانوں و پنچایتی اراکین نے ضلع انتظامیہ و لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نہروں کی مرمت میں کی گئی لاپرواہی کیلئے متعلقہ محکمہ کے آفیسران و ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ کسانوں کے لئے مذکورہ سہولیت دستیاب کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔