ڈوڈہ //پی ڈی پی نے سابق ایم ایل سی وکرم سنگھ راندھاوا کی جانب سے دئیے گئے نفرت آمیز بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس سلسلہ میں ضلع صدر پی ڈی پی عبدالحف?ظ وانی کی قیادت میں بھدرواہ میں پارٹی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے سابق ایم سی کا پتلا نذر آتش کیا۔اس موقع پر بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر نے جموں و کشمیر کے امن و اماں کو ٹھیس پہنچانے و مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف موجودہ سرکار بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ دیتی ہے تو دوسری طرف اسی جماعت کے لیڈر بیٹیوں کے خلاف اسطرح کے الفاظ کا استعمال کرتے ہیں جسکو سماج میں برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہندو مسلم سکھ اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور جو بھی سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث پایا جاتا ہے اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے تاکہ یہاں کا آپسی بھائی چارہ قائم و دائم رہے۔ پی ڈی پی کارکنوں نے راندھاوا کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت پابند سلاسل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔