جموں//نیشنل کانفرنس کے سینئرلیڈروسابق وزیراجے سدھوترہ نے کہاہے کہ پی ڈی پی۔بی جے پی ریاست میں مختلف خطوں اورطبقوں کے لوگوں میں آپسی نفرت اور تفریق کے بیج بور ہی ہے جوکہ ریاست اورملک کے لئے سخت نقصان دہ اور تباہ کن ثابت ہوسکتاہے۔ سدھوترہ نے ان خیالات کااظہارحلقہ اسمبلی مڑھ کے علاوہ رنجیت پور میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیرصدیوں سے آپسی بھائی چارہ اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کاگہوارہ رہی ہے مگرجب سے بی جے پی ڈی پی نے ریاست کاعنان اقتدارسنبھالاہے ان صدیوں پرانی شاندارروایات کو تہس نہس کیاجارہاہے ۔انہوں نے یہ دونوں جماعتیں عوام کے اعتمادپرپورااُترنے میں بُری طرح سے ناکام ہوگئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان جماعتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ریاست میں پیداشدہ ماحول کی وجہ سے عوام عدم تحفظ کاشکارہوچکے ہیں۔ انہوں نے ان حکمران جماعتوں سے کہاکہ وہ خطوں اورطبقوں کی تفریقی پالیسیوں سے بازآجائیں۔سدھرہ نے کہاکہ ایک مضبوط ومستحکم بھارت اورجموں وکشمیرکیلئے پی ڈی پی ۔بی جے پی کی ان عوام کش پالیسیوں کوناکام بنانے کیلئے یک جٹ ہوکر کام کرنے کی اشدضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست کی خوشحالی اورترقی کیلئے امن کاہونالازمی ہے۔سدھوترہ نے پارٹی ورکروں سے کہاکہ وہ انتشار پسندقوتوں کی ریشہ دوانیوں کو ناکام بنانے اور بھائی چارے کی قدروں کومستحکم بنانے کے لیے متحدہ کوشش کریں۔اس کے علاوہ انہوں نے سیکولر جماعتوں سے کہاکہ وہ پی ڈی پی ۔بی جے پی کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے آگے آئیں تاکہ ریاست میں آپسی بھائی چارے کوبنائے رکھاجاسکے ۔اس موقعہ پر ایس بلبندرسنگھ ، درشن کمار، اجے کمار، یش کمار، نیشو، کمل کمار، جسمیت سنگھ اوردیگران نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔سدھوترہ نے کہاکہ ان لوگوں کی شرکت سے نیشنل کانفرنس مزیدمضبوط بنے گی۔