پاکستان سپر لیگ کے اگلے ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی کیٹیگری کی تجدید کر دی گئی ہے اور کھلاڑیوں کے ٹرانسفر اور ٹیم میں برقرار رکھنے کی راہ کھول دی گئی ہے۔پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے اگلے ایڈیشن میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔پاکستان کے کپتان اور حال ہی میں ختم ہونے والی پی ایس ایل 2020 کے 12 میچز میں 473 رنز بنا کر بہترین کھلاڑی قرار پانے والے بابر اعظم کراچی کنگز میں اپنے ساتھیوں عماد وسیم اور محمدعامر کے ساتھ پلاٹینم کیٹیگری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان بھی پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں جبکہ ان کے ساتھی فہیم اشرف اگلے ایڈیشن کے لیے ڈائمنڈ کیٹیگری میں چلے گئے ہیں ۔پشاور زلمی کے تین کھلاڑی وہاب ریاض، کامران اکمل اور شعیب ملک کو پلاٹینم کیٹیگری میں رکھا گیا ہے جبکہ فاسٹ باؤلر حسن علی ڈائمنڈ کیٹیگری میں چلے گئے ہیں ۔ملتان سلطان کے کپتان شان مسعود پی ایس ایل 2020 اور نیشنل ٹی20 کپ میں متاثر کن پرفارمنس کے بعد ڈائمنڈ کیٹیگری میں آگئے ہیں، شان مسعود کے ساتھی شاہد آفریدی اور سہیل تنویر پلاٹینم کیٹیگری میں ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد پلاٹینم کیٹیگری میں ہیں جبکہ فاسٹ باؤلر محمد حسنین گولڈ سے ڈائمنڈ میں آگئے ہیں، وہ پی ایس ایل 2020 میں 15 وکٹوں کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سب سے کامیاب باؤلر رہے تھے۔لاہور قلندرز کے فخرزمان پلاٹینم کیٹیگری میں موجود ہیں۔