سرینگر//سرینگر ائرپورٹ شاہراہ پر واقع پیر باغ میں لوگوں نے جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ روز سے علاقے میںپینے کے پانی کی سخت قلت ہے ۔مظاہرین کے مطابق ماہ رمضان شروع ہونے کے ساتھ ہی علاقہ میں پینے کے پانی کی سخت قلت پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے رمضان المبارک کے مقدس ایام میں کھانا پکانے اور وضو بنانے کے لئے پانی کا قطرہ بھی میسر نہیںہے۔پیر باغ کے درجنوں افراد نے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔اس موقع پر احتجاج میں شامل افراد نے بتایا کہ گزشتہ پانچ روز سے پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ۔مظاہرین نے کہا کہ اگرچہ جل شکتی محکمہ کے اعلیٰ حکام کو اس مسئلہ سے آگاہ کیا گیاتھا تاہم کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس کے نتیجے میں احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے ۔