تھنہ منڈی // خطہ پیر پنچال میں ایک مرتبہ پھر تیز بارشوں کے ساتھ شدید ژالہ باری سے متعدد علاقوں میں فصلیں اور میوہ جات مکمل طورپر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ مکینوں و کسانوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نقصان کا تخمینہ لگایا ان کو معاوضہ دیا جائے ۔جمعرات کے روز شام 5 بجے کے قریب پورے علاقے میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور شدیدژالہ باری ہوئی جس سے فصلوں اور میوہ جات درختوں کو شدید نقصان پہنچا ۔ اس موقع پر کئی عوامی نمائندوں نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی روز سے خطہ پیر پنچال میں موسلا دھار بارش اور شدید ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے فصلوں کے ساتھ ساتھ میوہ درختوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انھوں نے کہا کہ خطہ پیر پنچال میں طوفانی بارش و ژالہ باری نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ پورے خطہ پیر پنچال میں گزشتہ کئی روز سے وقفے وقفے سے موسلا دھار بارشوں اورژالہ باری سے عام زندگی پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ سرپنچ حلقہ درہ برہون عقیل احمد نے کہا کہ خطہ پیر پنچال کے بیشتر علاقوں میں شدید طوفان، بارش اور ژالہ باری سے تباہی مچ گئی۔بارش اور ژالہ باری کے نتیجے میں عوام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کی کہ تھنہ منڈی تحصیل کے پورے علاقہ میں ژالہ باری کی وجہ سے ہوئے نقصان کا تخمینہ لگاکر ان کو معاوضہ دیا جائے ۔