محتشم احتشام
پونچھ//حضرت پیر سید عطر شاہ رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ تین روزہ عرسِ پاک کی بابرکت تقریبات کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اسی سلسلے میں جمعہ کو عرس کمیٹی کا ایک وفد، حضرت پیر سید عطر شاہ،کے اہلِ خانہ کی طرف سے زیرِ صدارت سید تاویر شاہ (صدر عرس کمیٹی)، ممبر قانون ساز اسمبلی پونچھ اعجاز احمد جان سے ملاقات کے لئے ان کی رہائش گاہ پر حاضر ہوا۔ملاقات کے دوران وفد نے سالانہ عرسِ مبارک کے جملہ انتظامات، سہولیات اور درپیش امور پر ایک تحریری یادداشت پیش کی اور تفصیلی گفت و شنید کی۔ وفد نے خاص طور پر عرس کے ایام میں دور دراز علاقوں سے آنے والے ہزاروں عقیدت مندوں کے لئے رہائش، پینے کے پانی، صفائی، بجلی، سیکیورٹی اور ٹریفک نظم و نسق جیسے اہم مسائل سے آگاہ کیا۔ ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان نے وفد کی گزارشات کو نہایت توجہ، خلوص اور سنجیدگی سے سماعت کیا اور موقع پر ہی تحریری طور پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور دیگر متعلقہ ضلع افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں، تاکہ سہ روزہ عرسِ پاک کے دوران زائرین کو کسی بھی قسم کی دشواری یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ایم ایل اے موصوف نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ جلد ہی زیارتِ شریف پر متعلقہ محکموں کے افسران کی ایک خصوصی میٹنگ طلب کی جائے گی، جس میں تمام انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لے کر عرسِ پاک کے انعقاد کو باہمی مشاورت، نظم و ضبط اور عقیدت و احترام کے ساتھ پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔آخر میں وفد نے ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عقیدت مندوں کی سہولت، دینی اقدار کے تحفظ اور عرسِ پاک کے پْرامن و باوقار انعقاد کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا، جو قابلِ تحسین اقدام ہے۔