سرینگر// حالیہ برف باری کے بعد جموں وکشمیر میں موسمی صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔گذشتہ شب بھی وادی کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں2 سے 3 مارچ تک بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔ سیاحتی مقام گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ شب تازہ برف باری ہوئی جبکہ وادی کے کچھ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔سرینگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی اور درجہ حرارت 1.4 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ میںمنفی 9.5 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی 7.5 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا۔ پہلگام جہاں دوران شب ہلکی تازہ برف باری ہوئی ، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.4 رہا جو گذشتہ شب منفی 0.8 تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.1 ، قاضی گنڈ میں منفی0.8اورکوکرناگ میں منفی 1.9ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ادھر خطہ لداخ کے ضلع لیہہ میں سردی کی شدت برقرار ہے، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ضلع لیہہ میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات درجہ حرارت منفی7.5 اور قصبہ دراس میں منفی15.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔