پونچھ +راجوری//پوری ریاست کی طرح پونچھ اور راجوری اضلاع میں بھی پٹواریوں کی جانب سے کام چھوڑ ہڑتال کی جارہی ہے جس کی وجہ سے محکمہ مال کا کام بری طرح سے متاثر ہورہاہے اور نتائج عام آدمی کو بھگتناپڑرہے ہیں۔پونچھ میںاس سلسلہ میں حویلی ، مینڈھر، سرنکوٹ ،منڈی میںکام چھوڑ ہڑتال اور دھرنوں کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے ۔ پٹواریوں نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا انتباہ دیاہے ۔پونچھ میں پٹواریوں نے دھرنادیتے ہوئے مانگ کی کہ ان کے گریڈ میں اضافہ کیاجائے ،نائب تحصیلداروں کی براہ راست بھرتی پر پابندی عائد کی جائے ،ملازمین کو ترقی دی جائے اور پٹوار خانوں کا کرایہ ادا کیاجائے ۔ اس دوران نیشنل کانفرنس کے یوتھ کے صوبائی صدر اعجاز جان نے بھی پٹواریوں کے دھرنے میں شرکت کی اور حکومت پر زور دیاکہ ان کے مطالبات پورے کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ صرف پٹواری ہی نہیں بلکہ آنگن واڑی کارکنان ،مڈ ڈے میل ورکراور دیگر کئی ملازمین بھی سراپا احتجاج ہیں اور حکومت کو ٹس سے مس نہیں ہورہا۔ انہوںنے کہاکہ ملازمین کا حق انہیں ملناچاہئے اور حکومت ان کے ساتھ کئے گئے وعدے ایفاکرے ۔وہیں راجوری ضلع میں بھی پٹواریوں کی طرف سے ہڑتا ل کی جارہی ہے۔ضلع کی منجاکوٹ تحصیل میں چھٹے روز بھی پٹواریوںنے کام چھوڑ کرہڑتال کی اور دھرنادیا۔دھرنے پر بیٹھے پٹواریوں کاکہناتھاکہ وہ مطالبات پورے ہونے تک اپنی ہڑتال جاری رکھیںگے اور اس بار حکومت کی یقین دہانیوں یا طفل تسلیوں پر یقین نہیں کریںگے ۔پٹواریوں کی ہڑتال سے عام لوگوں کو مشکلات کاسامناہے اور ان کے کام کاج نہیں ہورہے ہیں ۔ لوگوں کاکہناہے کہ اس ہڑتال کا خمیازہ انہیں بھگتناپڑرہاہے اور خواہ مخواہ کی پریشانی کاسامناہے ۔