محمد تسکین
بانہال // اتوار کی شام ضلع رام بن میں تحصیل اکڑال پوگل پرستان کے اوپری جنگلاتی علاقوں میں کالے ریچھ کے ایک حملے میں ایک شخص کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی ہے جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا ۔یہ واقعہ اتوار کی شام چھ اور سات بجے کے درمیان آٹوٹاپ چوٹی پر پیش آیا ۔ ریچھ کے حملے میں ہلاک ہوئے شخص کی شناخت نذیراحمد ملک 48سال ولد محمد حنیف ملک ساکنہ ھالہ دھندراٹھ تحصیل و ضلع رام بن کے طور کی گئی ہے جبکہ زخمی کی شناخت ریاض احمد گورسی عمر 15سال ولد گلابو گورسی ساکنہ گنوت رام بن کے طور پر ہوئی ہے اور وہ پرائمری ہیلتھ سینٹر اکڑال میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے ۔ محکمہ جنگلی حیات رام بن کے رینج آفیسر حکم سنگھ شان نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ محکمہ وائلڈ لائف کی دو ٹیمیں علاقے میں بھیجی گئی ہیں تاکہ ریچھ کو اس علاقے سے باہر کیا جاسکے اور اس کیلئے ٹیم کی کاروائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران لاش کو پی ایچ سی اکڑال میں پوسٹ مارٹم کے بعد ہالہ رام بن پہنچایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اتوار کی شام قریب 7بجے رام بن اور پوگل پرستان کی سرحدوں کے بالائی علاقوں پر پیش آیا اور اس علاقے کو ضلع آٹوٹاپ کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں جنگل کے علاقے میں اپنے مویشی چرا رہے تھے کہ ایک کالا ریچھ جائے وقوعہ پر نمودار ہوا اور ان پر حملہ کر کے ایک شخص نذیر احمد کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریچھ کے حملے میں ریاض احمد کو معمولی چوٹیں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلی حیات سے کیس فائل تیار کرنے کے بعد مرنے والوں اور زخمیوں کو قواعد کے تحت معاوضہ فراہم کیا جائے گا اور اس کیلئے قانونی لوازمات پوری کی جارہی ہیں ۔