سرنکوٹ//سرنکوٹ کے پوٹھہ علاقے میں ایک زیارت فوجی تحویل میں ہے جس پر اوقاف کے ایڈمنسٹریٹر ریاض آتش نے حکام سے بات کرنے کا یقین دلایاہے ۔ ایڈمنسٹریٹر اوقاف پونچھ ریاض آتش نے سرنکوٹ کادورہ کرکے علماء اور مقامی لوگوں سے تبادلہ خیال کیا ۔ اس سلسلے میں مرکزی جامع مسجد دارلعلوم رضویہ سلطانیہ میں ایک میٹنگ ہوئی جس کی صدارت مولانا مفتی بشارت حسین نے کی ۔اس موقعہ پر مہمان خصوصی ناظم اوقاف اسلامیہ ریاض آتش تھے ۔آتش نے کہا کہ تمام درگاہیں اور اوقاف اسلامیہ میں آنے والی جائیداد کو تحفظ فراہم کیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ اس جائیداد کو منافع بخش بناکر غریب و مسکین لوگوں کی بہبود کیلئے استعمال کیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ لسانہ ٹیریاں والی زیارت، بہرام گلہ اور پیر گلی ودیگر زیارتوں کو جلد اوقاف کے ماتحت کیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ پوٹھہ میں ایک زیارت فوج کے قبضہ میں ہے جس کے بارے میں حکام سے بات کی جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ وہ سرنکوٹ کے عوام سے تعاون چاہتے ہیں تاکہ ملت کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ کام ہوسکے ۔اس موقعہ پر مولانا بشارت حسین نے کہا کہ فوج کئی مقدس جگہوں پر قابض ہے جنہیں خالی کرایاجاناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ وہ جگہیں جو اوقاف اسلامیہ کے تحت ہونی چاہئیں بدقسمتی سے فوج کے قبضے میں ہیں ۔اس حوالے سے انہوںنے پونچھ میں فوج کے زیر تحویل اراضی کا ذکر کیا۔ انہوںنے کہاکہ ایڈمنسٹریٹر اوقاف کو تعاون دیاجائے گا اور اس کی ضرورت بھی ہے ۔اس موقعہ پر سید فدا حسین کاظمی، قاضی ارشاد، افتخار حسین شاہ ہمدانی ودیگران بھی موجودتھے ۔