جاوید اقبال
مینڈھر// ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک واقع ایک سرحدی گاؤں میں پیر کے روز زنگ آلود مارٹر شیل برآمد ہوا، جسے بعد ازاں ماہرین نے محفوظ اور کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے تباہ کر دیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ مارٹر شیل مانکوٹ سیکٹر کے بلنوئی علاقے میں واقع اپر گھانی گاؤں کے ایک کھلے میدان میں صبح تقریباً 11:15بجے مقامی لوگوں کی نظر میں آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے کر محفوظ بنایا گیا۔بعد ازاں فوج کے بم ڈسپوزل سکواڈ نے موقع پر پہنچ کر زنگ آلود مارٹر شیل کو کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے ناکارہ بنا دیا۔ حکام کے مطابق اس کارروائی کے دوران کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کی کسی بھی مشکوک یا پرانی جنگی باقیات کو ہاتھ نہ لگائیں اور فوری طور پر پولیس یا قریبی سکیورٹی اداروں کو اطلاع دیں۔