محتشم احتشام
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ کے نوجوانوں میں قومی یکجہتی، تعلیمی شعور اور ہمہ جہتی فہم کو فروغ دینے کے مقصد سے فوج کی 93 انفانٹری بریگیڈ (گڑھی بٹالین) نے گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے طلباء و طالبات کے لئے ایک خصوصی نیشنل انٹیگریشن ٹور کا اہتمام کیا ہے۔ یہ ایک ہفتہ طویل دورہ 3 جنوری سے شروع ہو کر 12 جنوری تک جاری رہے گا، جس کے دوران کالج کے 25 منتخب طلبہ و طالبات ملک کے دارالحکومت نئی دہلی کا دورہ کریں گے۔دورے کی روانگی سے قبل گڑھی بٹالین کے ہیڈکوارٹر میں ایک خصوصی آگاہی و بریفنگ تقریب منعقد کی گئی، جس میں شریک طلباء کو دورے کے اغراض و مقاصد، نظم و ضبط اور حفاظتی اصولوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ فوجی افسران نے اس موقع پر طلباء کو بتایا کہ یہ دورہ نہ صرف ہندوستان کی تاریخ، تہذیب اور ترقی کو قریب سے دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا بلکہ نوجوانوں میں قومی ہم آہنگی اور ذمہ دار شہری ہونے کا شعور بھی اجاگر کرے گا۔پروگرام کے تحت فوج کی جانب سے تمام شریک طلباء میں سفری ضروریات پر مشتمل سامان جن میں اٹیچی (سوٹ کیس)، ٹریک سوٹ اور دیگر کٹس شامل ہیں،تقسیم کی گئیں، تاکہ سفر کے دوران انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔اس موقع پر طلباء نے بھارتی فوج کے اس مثبت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرحدی علاقوں کے نوجوانوں کے لئے ایسے مطالعاتی دورے ذہنی وسعت اور خود اعتمادی میں اضافہ کرتے ہیں۔ طلباء نے کور کمانڈر اور گڑھی بٹالین کے افسران کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں دہلی جیسے تاریخی شہر کے ساتھ ساتھ معتبر اداروں اور اہم شخصیات سے متعارف ہونے کا موقع دیا جا رہا ہے۔فوجی ذرائع کے مطابق اس ٹور کے بنیادی مقاصد میں نوجوانوں کو قومی ورثے سے روشناس کرانا، قومی یکجہتی کے جذبے کو مضبوط بنانا، اور اعلیٰ تعلیمی و تکنیکی اداروں کے دورے کے ذریعے مستقبل کے لیے تحریک پیدا کرنا شامل ہے۔ قافلہ 3 جنوری کو پونچھ سے روانہ ہوگا اور راستے میں امرتسر سمیت دہلی کے مختلف تاریخی مقامات، عجائب گھروں اور اہم سرکاری عمارات کا دورہ کرے گا۔