عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//فوج نے پونچھ کے سرحدی علاقوں میں ایک بڑے اور کامیاب آپریشن کے دوران 42 زندہ اور غیر پھٹے بارودی گولوں کو ناکارہ بنا دیا۔ یہ شیل حالیہ سرحد پار گولہ باری کے دوران گر کر نہیں پھٹے تھے، اور مقامی لوگوں کی زندگیوں کے لئے سنگین خطرہ بنے ہوئے تھے۔فوج نے اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ یہ آپریشن مقامی پولیس حکام کے ساتھ قریبی تال میل میں انجام دیا گیا، جس کا مقصد انسانی جانوں کو بچانا اور علاقے میں امن و امان بحال رکھنا ہے۔جھلاس، سلوتری، دھراٹی اور سلانی علاقوں میں ان بارودی گولوں کی موجودگی سے مقامی آبادی خوف و ہراس کا شکار تھی۔ بھارتی فوج کی تربیت یافتہ بم ڈسپوزل ٹیموں نے تمام سیکورٹی پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے ان گولوں کو کامیابی سے تباہ کیا۔فوج نے کہا کہ یہ اقدام سرحدی اور حساس علاقوں میں رہنے والے شہریوں کی حفاظت کے لئے فوج کے عزم کا ثبوت ہے اور اس آپریشن سے نہ صرف خطرہ ٹلا بلکہ علاقے میں معمولات زندگی کی بحالی کی راہ بھی ہموار ہوئی ہے۔مقامی سطح پر اس آپریشن کو سراہا جا رہا ہے اور اسے علاقے میں امن و سلامتی قائم رکھنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔